اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے پاکستانی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ۔ توانائی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری سے ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے سیاسی استحکام ، سیکورٹی میں بہتری اور منصوبوں میں شفافیت نے ملک کے معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر خزانہ سے ملاقات کے دوران کیا ۔ ملاقات میں اکنامک ٹیم کی کارکردگی کی تعریف کی ہے اور معیشت میں مزید بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے سے ملکی معاشی حالت میں بہتری دیکھائی دی ہے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان معاشی بدحالی کا شکار تھا اور اسحاق ڈار و معاشی ٹیم نے دو سال کے اندر پاکستان کی معیشت کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنے سے معیشت میں بہتری کے واضح اشارے ملے ہیں اور پاکستان میں سیاسی استحکام اور سیکورٹی و گورننس میں بہتری سے معیشت کو مزید فروغ ملا ہے ۔ اس دوران وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی معاشی حالت پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ چکے ہیں اور معیشت کی بہتری کے لئے مزید کوششیں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 21 ارب ڈالر میں سے 16 ارب ڈٰالر سٹیٹ بنک آف پاکستان اور 5 ارب ڈالر نجی کمرشل بنکوں میں رکھے ہوئے ہیں وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید وزیر اعظم کو بتایا کہ گزشتہ سال اسٹیٹ بنک کے پاس صرف 3 ارب ڈالر تھے اور اس سال اس کے حجم کو بڑھا کر 16 ارب ڈالر کیا گیا ہے ۔ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جائے ۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے تمام تر کوششوں کو بروئے کار لانے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے