اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وزیراعظم نواز شریف کی نواسی آنسہ مہر النسا صفدر کی شادی کے سلسلے میں کوئی تقریب ایوان وزیراعظم میں نہیں ہوگی شادی اور رخصتی آئندہ ہفتے کے روز لاہور میں انجام دی جائے گی۔ حد درجہ قابل اعتماد ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی لاڈلی نواسی اور محترمہ مریم نواز شریف کی صاحبزادی مہر النسا نے حال ہی میں امتیازی اعزاز کے ساتھ برطانیہ سے قانون کی ڈگری حاصل کی تھی اب ان کی رخصتی کے لئے ہفتہ بھر کی تقاریب جاتی عمرہ رائے ونڈ لاہور میں وزیراعظم نواز شریف کی نجی اقامت گاہ پر شروع ہوگئی ہیں جن کی ابتدا ختم قرآن حکیم اور میلاد النبی کی محفل سے ہوئی جس کے بعد ڈھولک رکھ کر روایتی تقاریب کا آغاز ہوا،جنگ رپورٹر محمد ڈالح ظافر کے مطابق سب سے پہلے میاں نوازشریف کے چھوٹے عبادت گزار مرحوم بھائی عباس شریف کے گھر پر ڈھولک رکھی گئی، جسکے بعد مریم نواز کی خالہ اور دوسرے چچا کے گھر پر ڈھولک رکھی گئی اس طرح پورا خاندان باری باری ان خوشیوں میں شریک ہوگیا ہے اور اب شادی کے سلسلے میں گہما گہمی عروج پر پہنچ چکی ہے۔ آنسہ مہر النسا کا نکاح مسجد نبوی میں اس سال 27 رمضان المبارک کو ہوا تھا جس میں حق مہر شرعی نصاب سے طے ہوا تھا، نکاح رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والی معروف کاروباری شخصیت منیر احمد چوہدری کے صاحبزادے راحیل منیر سے انجام پایا تھا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے طے کیا ہے کہ رخصتی کی تقریب بھرپور سادگی سے وقوع پزیر ہوگی جس میں دونوں طرف سے صرف خاندان کے افراد ہی شریک ہونگے، کسی وفاقی یا صوبائی وزیر کو اسکے سیاسی عہدے یا منصب کے حوالے سے اس تقریب میں مدعو نہیں کیا جارہا ہے۔