اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وفاقی پولیس کے تحت مبینہ طورپر کی جانے والی انسانی سمگلنگ کی روک تھام کیلئے وزارت داخلہ نے حکمت عملی وضع کرلی ،ایف آئی اے کی جانب سے جمع کرائی گئی تفصیلات پر جلد کارروائی کیے جانے کا امکان ہے۔حساس اداروں نے بعض پولیس افسروں کے انسانی سمگلنگ میں ملوث ہونے کے بارے وزارت داخلہ کو آگاہ کیاتھا جس پر ایف آئی اے کے تحت اس کی تحقیقات کرائی گئی ہیں اور ٹریول ایجنٹس سے روابط اور کاروبار کی تفصیلات وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے وزارت داخلہ کو جمع کرادیں ہیں۔حساس اداروں کی مددسے انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کی گرفتار ی کے لیے گرین سگنل بھی مل گیاہے۔آن لائن ذرائع کے مطابق اس حوالے سے ملک بھر میں انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فہرستیں مرتب کی تھیں یہ فہرستیں وزارت داخلہ کو ارسال کی گئی جس پر وزارت نے حتمی فہرستوں کے لیے ایف آئی اے کو ذمہ داری سونپی تھی۔ ایف آئی اے نے اپنی تحقیقات میں انکشاف کیاہے کہ اسلام آباد پولیس میں بعض پولیس افسران کا ٹریول ایجنٹس سے نہ صرف رابطہ ہے بلکہ بڑے پیمانے پر انسانی سمگلنگ کا دھنہ بھی عروج پر ہے جس پر وفاقی وزارت داخلہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایف آئی اے کو انسانی سمگلنگ میں ملوث افسران اور دیگر اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے لیے گرین سگنل دے دیاہے۔اس پر ایف آئی اے نے انسانی سمگلنگ میں ملوث بعض افسران کے خلاف گھیرا تنگ کرنا شروع کردیاہے امکان ہے کہ ان افسران کو جلد گرفتار کرلیاجائے گا۔