کراچی،اسلا م آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین کے وفد نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔اس ملاقات میں پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین کے وفد نے عمران خان کو پاکستان اسٹیل کی موجودہ بدترین صورت حال،ملازمین کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور پاکستان اسٹیل سے متعلق دیگر تمام مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔اس ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنمااسد عمر،سیف اللہ خان نیازی ،اشرف سوہنا اور دیگر بھی شریک تھے، اس کے علاوہ پاکستان اسٹیل سے متعلق ماہرین کو بھی اس میٹنگ میں مدعو کیا گیا تھا۔عمران خان نے پاکستان اسٹیل کی بد حالی اور ملازمین کی کئی مہینوں کی تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر شدید افسوس کا اظہار کیا۔انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پاکستان اسٹیل کے ملازمین کی تنخواہیں فورًا ادا کی جائیں۔عمران خان کی سربراہی میں اس میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان اسٹیل کی نجکاری کے خلاف ہر محاز پر لڑیں گے ، نجکاری کے خلاف لائحہ عمل ترتیب دیں گے،مشترکہ مفادات کونسل میں پاکستان اسٹیل اور دیگر اسٹریٹیجک اثاثوں کی بندربانٹ کی مخالفت کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف پاکستان اسٹیل کرپشن سے متعلق سپریم کورٹ کے سوموٹو ایکشن کیس میں فریق بنے گی اور لوٹا ہوا مال پاکستان اسٹیل کو واپس دلوائیں گے۔عمران خان کاکہنا تھا کہ یہ ملک کے ساتھ انتہائی زیادتی ہے کہ ملک کا واحد فولاد ساز ادارہ بند پڑا ہوا ہے جبکہ حکمرانوں کی اپنی اسٹیل ملیں دن دگنی رات چگنی ترقی کر رہی ہیں۔عمران خان کامزید یہ کہنا تھا کہ انشائ اللہ اگلی حکومت ہماری ہے ،ہم اسٹیل مل کو چلائیں گے اور اس کی پیداوار اور توسیع پر بھی کام کریں گے۔عمران خان کامزید یہ کہنا تھا کہ میں عنقریب پاکستان اسٹیل کا دورہ کروں گا اور وہاں کے مزدوروں سے بھی ملوں گا۔پاکستان اسٹیل انصاف لیبر یونین کے وفدمیں پاکستا ن اسٹیل انصاف لیبر یونین کے صدر عبدالوحید سومرو،نظر علی مگسی،ہارون خٹک اور رحمت علی کنڈی بھی شامل تھے۔