کراچی(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگا تو اس کے نتائج بھی بھگتنا پڑیں گے۔حیدرآباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قائم علی شاہ نے کہا کہ رینجرز اختیارات سے متعلق جو قرارداد منظور ہوئی اس میں سوائے ڈسپلن کے اور کوئی بات نہیں اور اس میں رینجرز کے وہی اختیارات ہیں جو پہلے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے جو اختیارات دیئے ان میں ٹارگٹ کلنگ، دہشت گردی، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری کے خلاف کارروائیاں شامل ہیں جن پر رینجرز بھی مطمئن ہے جس کا اظہار خود ڈی جی رینجرز نے مجھ سے ملاقات میں کیا۔وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ مجھے کراچی آپریشن کا کپتان بنایا گیا لیکن پتا نہیں وہ کپتان پھر کہاں چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہے اور ایسے کوئی اسباب نہیں کہ سندھ میں گورنر راج لگایا جائے تاہم صوبے میں گورنر راج لگا تو اس کے نتائج بھی بھگتنا پڑیں گے۔