وہاڑی (نیوزڈیسک) ڈسٹرکٹ جیل وہاڑی میں سزائے موت کے قیدی صفدر عرف شفا کی پھانسی تختہ دار پر لے جانے کے بعد آخری لمحات میں روک دی گئی۔ مقتول کی ماں نے پھانسی گھاٹ میں بیٹے کے قاتل کو معاف کر دیا۔تفصیلات کے مطابق تختہ دار پر موت تو یقینی ہے لیکن آخری لمحات میں موت سے بچنا کسی معجزے سے کم نہیں۔ کچھ ایسا ہی ہوا وہاڑی کی جیل میں جہاں قتل کے مجرم صفدر کو پھانسی گھاٹ پر لے جایا گیا۔ گلے میں پھندا ڈالا گیا۔قریب تھا کہ جلاد رسا کھینچ دیتاکہ عین اسی لمحے قتل ہونے والے نوجوان کی ماں نے قاتل کو معاف کر دیا جس کے بعد مجرم موت سے بچ نکلا۔استغاثہ کے مطابق صفدر عرف شفا نے3 جولائی 1996ء کو ادھار سودا سلف نہ دینے پر دکاندار اعجاز احمد کو پسٹل سے فائر کر کے قتل کر دیا تھا۔قتل کے جرم میں صفدر کے خلاف تھانہ ساہوکا میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مجرم کو عدالت نے سزائے موت سنائی تاہم آخری لمحات میں مقتول کی ماں نے اسے معاف کر دیا۔