واشنگٹن(نیوز ڈیسک)کیلیفورنیا حملوں کے مبینہ ملزمان رضوان فاروق اور تاشفین ملک کے ساتھی کو گرفتار کرلیا گیا۔ملزم امریکی شہری ہے۔امریکی اخبار کے مطابق کیلیفورنیا حملوں میں استعمال ہونے والے اسلحہ کا مالک 24 سالہ اینرک مارکیز ہے جسے ایف بی آئی نے گرفتار کرلیا ہے۔اینرک مارکیز حملوں میں مبینہ طور پر ملوث رضوان اور تاشفین ملک کا پڑوسی ہے۔اینرک نے 2011ءاور 2012 ءمیں 2رائفلیں خریدیں جو بعد میں کیلیفورنیا حملوں میں استعمال ہوئیں۔ ایف بی آئی اس بات کی تحقیق کررہی ہے کہ جب اینرک نے یہ رائفلز فاروق کے حوالے کی تھیں تو کیا اسے کیلیفورنیا حملے کی منصوبہ بندی کا علم تھا؟ تاہم اینرک مارکیز نے ایف بی آئی کو بتایا کہ رضوان فاروق اور وہ 2012 ءمیں کسی حملے کے بارے میں منصوبہ بندی کررہے تھے جبکہ بعد میں ان کا ارادہ بدل گیا۔امریکی اخبار نے ذرائع سے بتایا کہ ملزم شاید ایف بی آئی کو متاثر کرنے کے لیے ایسے دعوے کررہا ہو۔ تاہم اینرک کو ہتھیاروں کی خریداری میں غلط بیانی پر دس سال کی سزا ہوسکتی ہے۔ادھرصدراوبامانے منگیتر ویزا سے متعلق امریکی پالیسی پرنظرثانی کی تصدیق کردی۔