کراچی(نیوزڈیسک)کراچی کے 90فیصد شہریوں نے کراچی آپریشن کی حمایت کی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ آپریشن کے نتائج سے مطمئن ہیں جبکہ 81 فیصد نے مکمل امن کے قیام تک آپریشن جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق گیلپ پاکستان نے کراچی کے مختلف علاقوں میں سروے کیا اور کراچی میں رینجرز کے آپریشن کے بارے میں 600 سے زائد افراد کی رائے لی شہریوں کی رائے کے مطابق رینجرز نے آپریشن میں لازوال قربانیاں دی ہیں انہیں قربانیوں کی وجہ سے کراچی میں امن قائم ہوا ہے۔کراچی کے عوام سے جب یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا وہ آپریشن کے نتائج سے مطمئن ہیں تو 90فیصد عوام نے کہا ہاں وہ مطمئن ہیں جبکہ 6فیصد نے کہا وہ مطمئن نہیں اور 4 فیصد نے کہا کہ وہ نہ مطمئن ہیں اور نہ ہی غیر مطمئن ہیں۔گیلپ پاکستان سروے کے دوران شہریوں سے دوسرا یہ سوال کیا گیا کہ کیا کراچی میں رینجرز کا آپریشن جاری رہنا چاہیے تو 81 فیصد کا کہنا تھا کہ مکمل امن تک آپریشن جاری رہنا چاہیے۔