دنیاپور/لودھراں (نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ جہانگیر خان ترین تحریک انصاف کے وہ نڈر اور دلیر لیڈر ہیںجنہوں نے دھاندلی کے خلاف ہار نہیں مانی اور بھرپور طریقے سے جنگ لڑی ،2013کے الیکشن میں جہانگیر خان ترین کو دھاندلی کرکے ہرایا گیا ،ن لیگ نے جہانگیر ترین کو انصاف کے حصول سے روکنے کے لئے ہر حربہ استعمال کیا مگر جہانگیر ترین سرخرو ہوئے او ر لودھراں کی عوام کے مینڈیٹ پر مارے گئے ڈاکے کو بے نقاب کرنے میں کامیاب ہوئے ،جہانگیر ترین اور علیم خان نے شیروں کی طرح میاں نواز شریف کا مقابلہ کیا، عمران خان نے کہامیاں صاحب کو پاکستان کے نقشے میں لودھراں کی موجود گی کا پتہ ہی نہیں تھا مگر ضمنی الیکشن میں پری پول دھاندلی کے ذریعے یہاں آکر اڑھائی ارب روپے کے پیکج کااعلان کیا،نوازشریف اور شہباز سمجھتے ہیں کہ سب کے ضمیروں کو خریدا جاسکتا ہے مگر میاں صاحب کو بتادینا چاہتا ہوں کہ لودھراں کے عوام نے جہانگیر ترین کے حق میں فیصلہ سنادیا ہے،یہاں کے عوام کو نہیں خریدا جاسکتا۔لودھراںمیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ تھانہ کچہری اور پٹواریوں کی سیاست نے عوام کو غلام بنا کررکھ دیا ہے،یہ مفاد پرست ٹولہ جھوٹے پرچوں کے ذریعے عوام کو خوفزدہ بناتا ہے،عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ جب تک میری جان میں جان ہے میں اپنے لوگوں کے حقوق کی جنگ لڑتارہوںگا،عمران خان نے کہا کہ ن لیگ الیکشن میں دھاندلی اس لئے کرتی ہے کہ انہیں خوف ہے کہ اگر الیکشن ہار گئے تو جیل میں جانا پڑے گا۔آج سپیکر کو بھی یاد آگیا کہ الیکشن کمیشن ٹھیک کام نہیں کررہاہم یہ بات شروع دن سے کہہ رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والوں کو مبارک باد پیش کرتاہوں ۔ پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی لیکشن کے باوجو دبھی اختیارات وزیر اعلی ہاﺅ س کے پاس ہیں مگر ہم اقتدار میں آکر منتخب نمائندوں کو بااختیار بنائیںگے۔سندھ اور پنجاب سمیت پورے پاکستان کے لوگوں کی جنگ پاکستان تحریک انصاف لڑے گی ۔خیبر پختونخواہ میں انقلاب آچکا ہے ۔پولیس غیر جانبدار بن چکی ہے جبکہ کسی پر جھوٹے پرچے بھی نہیں ہوتے نہ ہی پولیس کسی پر ظلم کرتی ہے۔پرویز خٹک کو بہترین گورننس پر مبارک باد پیش کرتاہوں۔عمران خان نے مزید کہا کہ شاندار اور تاریخی جلسے پر لودھراں کے عوام بالخصوص جہانگیر خان ترین کو مبارک باد پیش کرتاہوں ۔کارکنوں سے کہتاہوں کہ صرف پولنگ اسٹیشن پر تگڑے ہوکر مقابلہ کرناہے اور دھاندلی کا راستہ روکناہے۔انشاءاللہ 23دسمبر کو جہانگیر ترین کی کامیابی کا جشن ہم سب لودھراں میں منائیںگے۔ فتح تحریک انصاف کی ہوگی اور تبدیلی اور انقلاب کا سفر 23دسمبر کے ضمنی الیکشن میں کامیابی کے بعد مزید آگے بڑھے گا۔ جلسے سے خطاب میں تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و امیدوار این اے 154جہانگیر خان ترین نے کہا کہ نواز شریف مجھ سے خوفزدہ ہیں اور میرے نام سے بھی ڈرتے ہیں ۔میں ان سے کہتاہوں کہ وہ اوچھے ہتھکنڈوں کی بجائے اور بچوں کے ذریعے دھاندلی کروانے کی بجائے یہاں شہباز شریف کے ساتھ لودھراں میں آکر میرا مقابلہ کریں۔میں لودھراں میں خدمت کی سیاست کررہاہوںمجھے اقتدار کی ضرور ت نہیں ۔میں وزیر بھی رہا ہوں اور مشیر بھی رہاہوں مگر صرف لودھراں کے عوام کی بہتری اور ترقی کی خاطر جنگ لڑرہا ہوں۔ مجھے فرق نہیں پڑتا کہ باپ لڑے یا بیٹا میرا مقابلہ نوازشریف سے ہے۔میں نے پہلے بھی اس کے خلاف جنگ جیتی ہے او ر ضمنی الیکشن میں نوازشریف کو عبرت ناک شکست دوںگا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کو زندگی میں پہلی مرتبہ لودھراں کی پہچان ہوگئی ہے تو یہ پہچان بھی اہلیان لودھراں نے خود کروائی ہے کیونکہ لودھراں کے باسی اپنے حقوق کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور مفاد پرستوں کو شکست دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔میں لودھراں سے تھانہ کچری اور خوف کی سیاست کے بت توڑنے کا عزم کرچکاہوں اور اس سفر میں یہاں کے عوام بھی میرے ساتھ ہیں۔