اوٹاوا(آئی این پی ) شامی مہاجرین کے پرتپاک استقبال کے بعد عالمی میڈیا پر کینیڈا کے وزیر اعظم کے حسن سلوک کے چرچے ہونے لگے کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے تاریخ رقم کردی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ممالک کے نمائندے بھی ٹروڈو کی قائدانہ صلاحیتوں سے بہت زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ شامی مہاجرین کے استقبال کے موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم کھلے دل سے مشکل صورتحال سے دو چار مسلمان مہاجرین کا بلا امتیاز رنگ و نسل اور مذہب کے کھلے دل سے استقبال کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ان مسلمان مہاجرین کو کینیڈا کی شہریت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کینیڈا کے شہری کی تعریف رنگ، نسل، زبان، مذہب اور بیک گراﺅنڈ کے طور پر نہیں کر رہے۔ کینیڈا میں پچیس ہزار شامی مہاجرین کی آباد کاری کے حوالے سے لائحہ عمل تیار گیا ہے اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مہاجرین کی باقاعدہ سکریننگ کی گئی ہے اور کینیڈا کی حکومت نے ان کو رہائش سمیت دیگر ضروریات زندگی کی اشیا فراہم کی ہیں تاکہ ان کو کسی قسم کا کوئی مسئلہ نہ ہو۔