برلن (نیوزڈیسک)جرمنی کے وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے خبردار کیا ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک مہاجرین کے بحران کو حل کرنے کیلئے اتحاد کا مظاہر کریں ورنہ یورپی یونین کا قائم رہنا خطرے میں پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کےاجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یورپ متحد ہو کر مصیبت کے مارے لاکھوں تارکین وطن کی اس مشکل گھڑی میں مدد کرے، بصورت دیگر یونین کے اندر از سر نو سرحدیں بن سکتی ہیں اور رکاوٹیں کھڑی ہو سکتی ہیں، جس کے باعث متحدہ یورپ کا خواب ٹوٹ سکتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یورپی یونین کے منصوبے کو دلیرانہ اقدامات کے ذریعے آگے لے جایا جائے اور دائیں بازو کی عوامی سطح پر مقبول سیاسی جماعتوں کی بھرپور مخالفت کی جائے، رواں برس لاکھوں کی تعداد میں مہاجرین یورپ پہنچ چکے ہیں، صرف جرمنی آنے والے تارکین وطن کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔