کراچی(نیوزڈیسک )سندھ کے ڈائریکٹر جنرل سراج النعیم نے کہا ہے کہ ڈاکٹرعاصم کے خلاف تحقیقات میں وقت لگ سکتا ہے جب کہ ضرورت پڑنے پر ان کا مزید ریمانڈ بھی لیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب سندھ سراج النعیم نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم وائٹ کالر کرپشن میں ملوث ہیں ان کے خلاف کرپشن کیسز کی تحقیقات جاری ہیں جن میں چائنا کٹنگ، منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم کے خلاف تحقیقات میں وقت لگ سکتا ہے اور ریفرنس دائر کرنے میں 8 ماہ لگ سکتے ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر ملزم کا مزید ریمانڈ بھی لیا جاسکتا ہے۔ڈی جی نیب نے کہا کہ ملک کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ یہ تاثر غلط ہے کہ نیب صرف سندھ میں کارروائیاں کررہی ہیں، نیب ایک غیر سیاسی ادارہ ہے جو پنجاب میں بھی وزرا اور اراکین اسمبلی کے خلاف مقدمات کی سماعت کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی منی لانڈرنگ کی شکایات ہیں جس کی تحقیقات جاری ہیں جبکہ اگر ان کے خلاف ثبوت ملے تو کارروائی کی جائے گی۔