کیلی فورنیا(نیوز ڈیسک)امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کی جانب سے کیلی فورنیا حملے میں ملوث رضوان فاروق کے دوست کے گھر پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف صدر باراک اوباما کا کہنا ہے کہ امریکہ اس طرح کے حملوں سے خوف زدہ نہیں ہو گا۔کیلی فورنیا میں ہونے والے حملے کی تحقیقات جاری ہے ، امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی نے حملہ آور سید رضوان فاروق کے دوست اینرک مرکیوز کے گھر چھاپہ مارا ہے۔ایف بی آئی کے مطابق رضوان فاروق اور اینرک مرکیوز کے درمیان اچھی دوستی تھی اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہے کہ اس حملے کے ساتھ اس کا کوئی تعلق تو نہیں۔دوسری طرف امریکی صدر باراک اوباما نے کہا ہے کہ کیلی فورنیا میں ہونے والے قتل عام سے شہری خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ صدر اوباما نے قوم سے ہفتہ وار ریڈیو خطاب میں کہا کہ امریکی قوم مشکل حالات کا مقا بلہ کرنے کیلئے تیار ہے اور ایسے حملوں سے اسے خوف زدہ نہیں کیا جا سکتا۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ داعش اور دیگر دہشت گرد گروہ امریکا سمیت دنیا بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی ترغیب دے رہے ہیں۔