لندن(نیوز ڈیسک) برطانیہ نے بھی شام اور عراق پر بمباری کی پارلیمان سے منظوری کے فوری بعد داعش پر حملے شروع کر دیئے۔ واضح رہے کہ برطانوی دارالعوام نے داعش کے خلاف شام میں فضائی کارروائی کی حمایت کر دی ہے اور اس حمایت کے فوری بعد برطانیہ نے داعش کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری بھی کی ہے۔ برطانوی پارلیمان میں شام میں داعش پر بمباری سے متعلق قرارداد پر 10 گھنٹے تک بحث جاری رہی۔10 گھنٹے کی طویل بحث کے بعد قرار داد کے حق میں 397 جبکہ مخالفت میں 223 ارکان نے ووٹ ڈالے۔خیال رہے کہ برطانوی دارالعوام میں ارکان کی تعداد 650 ہے جن میں حکومتی جماعت کنزرویٹو پارٹی کے ارکان کی تعداد 330 جبکہ سب سے بڑی اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے ارکان کی تعداد 231 ہے۔حکومتی جماعت کے 7 ارکان نے بھی حملوں کے خلاف ووٹ دیئے جبکہ 313 نے حمایت کی اسی طرح اپوزیشن جماعت لیبر پارٹی کے 135 ارکان نے حملوں کے خلاف جبکہ 66 نے حمایت میں ووٹ دیئے۔اسکاٹ لینڈ کے تمام 55 ارکان نے حملوں کے خلاف ووٹ دیا جبکہ لیبر ڈیموکریٹک پارٹی کے 2ارکان نے حملوں کے خلاف اور 6 ارکان نے حملوں کی حمایت کی، ڈیمو کریٹک یونین پارٹی کے تمام 8 ارکان نے حملوں کی حمایت کی۔