اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پارلیمنٹ کی طرف سے منظوری ملنے کے محض57منٹ بعد ہی برطانیہ نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری شروع کر دی۔ 397برطانوی اراکین پارلیمنٹ نے شام پر بمباری کرنے کے حق میں ووٹ دیئے جبکہ 223ایم پیز نے اس کی مخالف کی، چنانچہ 174ووٹوں کی برتری کے ساتھ پارلیمان نے شام پر فضائی حملوں کی منظوری دے دی۔برطانوی وزارت دفاع نے بھی بمباری کی تصدیق کر دی ہے۔ترجمان وزارت دفاع کا کہنا تھا کہ برطانوی ایئر فورس کے 4 ٹورنیڈو جی آر فور جنگی طیاروں نے قبرص کے فضائی اڈے سے پرواز کی اور شام میں داعش کے زیرتسلط علاقوں میں بمباری کی ہے۔وزارتِ دفاع کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 4 میں سے2 جنگی طیارے پرواز کرنے کے تین گھنٹے بعد واپس آ گئے جبکہ 2کارروائیوں میںمصروف ہیں۔برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے پارلیمان میں بحث کا آغاز کرتے ہوئے ایک طویل تقریر کی۔ انہوں نے کہا کہ”شام میں برطانیہ کی فضائی کارروائیوں کا مقصد دہشت گردوں کے حملوں سے برطانوی عوام کو محفوظ رکھنا ہے۔دریں اثناءامریکی صدر باراک حسین اوباما نے برطانوی پارلیمان کی طرف سے شام پر بمباری کے فیصلے کا استقبال کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دیا۔