اسلا م آباد (نیوز ڈ یسک)راولپنڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں مزید کمی کردی گئی ہے،
جس سے مسافروں اور تاجروں کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے نئے کرایوں کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق 11 نومبر سے اب تک پٹرول پر چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کی جاچکی ہے تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی سستی ہونے کا فائدہ شہریوں تک منتقل کیا جاسکے۔اسی طرح ڈیزل سے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی نظرثانی کی گئی ہے۔ ڈی کلاس بس اڈوں اور پیرودھائی اڈے سے روانہ ہونے والی ڈیزل گاڑیوں کے کرایوں میں مجموعی طور پر 10 فیصد کمی کردی گئی ہے۔
انتظامیہ نے سامان کی نقل و حمل کرنے والی گڈز ٹرانسپورٹ کے فریٹ چارجز بھی کم کردیے ہیں۔ نئے فیصلے کے تحت مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں مجموعی طور پر 16 فیصد کمی کی گئی ہے، جس سے تاجروں اور کاروباری طبقے کے لیے اشیا کی ترسیل پر آنے والے اخراجات کم ہونے کی توقع ہے۔آر ٹی اے حکام کے مطابق مسافروں کو نئے کرایوں سے آگاہ کرنے کے لیے تمام متعلقہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر تازہ ترین کرایوں کی فہرستیں اور نوٹیفکیشن نمایاں مقامات پر آویزاں کردیے گئے ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سرکاری طور پر مقرر کردہ نرخوں کے مطابق کرایے وصول کریں اور مسافروں سے اضافی رقم نہ لیں۔
انتظامیہ نے شہریوں سے کہا ہے کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر مقررہ نرخوں سے زیادہ کرایہ وصول کرے یا گڈز ٹرانسپورٹ کے نئے فریٹ ریٹس کی خلاف ورزی کرے تو اس کے خلاف شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ہیلپ لائن 1071 مختص کی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ کرایوں میں کمی کے فیصلے پر مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر کارروائی کی جاسکتی ہے، تاکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ عوام اور کاروباری طبقے کو پہنچ سکے۔



















































