اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلام آباد میں یکم دسمبر 2026 سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے تمام دفاتر میں نقد ادائیگیوں کا سلسلہ ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،
جس کے بعد شہریوں کو مختلف واجبات اور فیسیں صرف ڈیجیٹل ذرائع سے ادا کرنا ہوں گی۔دنیا نیوز کی رپورٹ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے ’’کیش لیس اسلام آباد‘‘ منصوبے پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کردی ہیں۔ اس سلسلے میں چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اویس افضل نے 25 نومبر کو باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ مقررہ تاریخ سے ایم سی آئی کے کسی بھی دفتر، ڈائریکٹوریٹ، ونگ یا برانچ میں نقد رقم وصول نہیں کی جائے گی۔نوٹیفکیشن کے تحت ٹیکس، مختلف فیسوں، کرایوں، جرمانوں اور لائسنس فیس سمیت تمام ادائیگیاں آن لائن طریقوں سے کرنا لازمی ہوگا۔ نقد رقم کے ساتھ ساتھ پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ اور چیک کے ذریعے ادائیگی کی سہولت بھی ختم کردی جائے گی۔حکام نے ایم سی آئی کے تمام کیش کاؤنٹرز 30 نومبر تک بند کرنے کی ہدایت کی ہے،
جبکہ دستی رسیدوں کی بکیں سیل کرکے متعلقہ اکاؤنٹس آفس میں جمع کرانا ہوں گی۔ اس کے علاوہ شہریوں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے تمام دفاتر میں معلوماتی نوٹس بھی آویزاں کیے جائیں گے۔تمام ڈائریکٹرز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ سات روز کے اندر اقدامات مکمل کرکے عملدرآمد کی رپورٹ چیف آفیسر کو پیش کریں۔ یکم دسمبر کے بعد اگر کسی افسر یا اہلکار نے نقد رقم وصول کی تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ متعلقہ ڈائریکٹر اور دفتر کا سربراہ بھی اس معاملے پر ذاتی طور پر جواب دہ ہوں گے۔



















































