اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی ماربل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کی برآمدات میں اضافہ کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے،
جبکہ اس شعبے کی ترقی کے لیے اٹلی کے تعاون سے بھی فائدہ اٹھایا جائے گا۔اے آر وائی نیوز کے مطابق اس حوالے سے رانا احسان افضل کی زیر صدارت اٹلی کے وفد کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں ماربل انڈسٹری کی بہتری، مجوزہ پالیسی، جدید مشینری، ٹیکنالوجی اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز احسان علی منگی، حمیرا ضیا مفتی اور سی ای او پاسڈیک بھی شریک تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا احسان افضل نے کہا کہ پاکستان کے ماربل سیکٹر میں ترقی اور برآمدات بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ اس مقصد کے لیے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے تاکہ ایک جامع پالیسی تیار کی جاسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہے
بلکہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی بھی بہتر بنائی جاسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ماربل کی صنعت میں ویلیو ایڈیشن کو فروغ دینا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ خام ماربل برآمد کرنے کے بجائے تیار اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات عالمی مارکیٹوں میں متعارف کرانے سے پاکستان کا حصہ بڑھایا جاسکتا ہے۔ ان کے مطابق اٹلی کے ساتھ اشتراک سے جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور پیداواری صلاحیت بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔دوسری جانب اطالوی وفد نے پاکستان کے ماربل سیکٹر میں سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی صنعت میں ترقی کے امکانات موجود ہیں اور اٹلی اس شعبے میں تعاون کے لیے تیار ہے۔



















































