اسلام آباد(این این آئی)ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے 25 کروڑ ڈالر کے قرض کی منظوری دے دی۔
اے ڈی بی نے پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی)کے نظام کو مضبوط بنانے اور ایسے قابلِ عمل اور پائیدار منصوبوں کی تیاری میں معاونت کے لیے 25 کروڑ ڈالر کے پالیسی بیسڈ قرض کی منظوری دے دی ہے جس سے نجی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور ملکی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مطابق اس مالی معاونت کے تحت حکومت کو بالخصوص معیاری اور کم لاگت بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو سرمایہ کاری کے لیے تیار کرنے، منصوبوں کی جانچ پڑتال کے عمل کو بہتر بنانے اور مالیاتی خطرات کے موثر انتظام میں معاونت فراہم کی جائے گی۔پاکستان میں اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے کہا ہے کہ منصوبوں کی جامع جانچ پڑتال، شفاف معلومات کی فراہمی اور مالیاتی خطرات کا مو ثر انتظام پاکستان کے پی پی پی منصوبوں کو پائیدار بنیادی ڈھانچے کی سرمایہ کاری میں تبدیل کرنے کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام حکومت پاکستان کی عوامی سرمایہ کاری اور مالیاتی انتظام کو مضبوط بنانے،بنیادی ڈھانچے کی ترقی بہتر بنانے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کی زیادہ سرمایہ کاری حاصل کرنے کے لیے اے ڈی بی کے عزم کا عکاس ہے۔ پروموٹنگ سسٹین ایبل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس پروگرام کا دوسرا مرحلہ 2024 میں منظور کیے گئے پہلے مرحلے کا تسلسل ہے جس میں پی پی پی کے قانونی اور پالیسی فریم ورک کو مضبوط بنایا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ دوسرے مرحلے کے تحت حکومت نے وفاقی سطح پر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے امور کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت لانے کے لیے اقدامات کیے ہیں جبکہ 4 وفاقی وزارتوں اور اداروں میں خصوصی پی پی پی یونٹس کے قیام اور پی پی پی سے متعلق مالیاتی واجبات کی نگرانی اور معلومات کی فراہمی کے لیے قومی فریم ورک کی بھی معاونت کی جا رہی ہے۔
اے ڈی بی کے تعاون سے حکومت نے 2026 سے 2030 تک کے لیے درمیانی مدت کے پی پی پی منصوبوں کی فہرست بھی منظور کرلی ہے۔نیشنل پی پی پی اینڈ انویسٹمنٹ نالج ہب وفاقی اداروں کو تربیت اور ضروری وسائل فراہم کرے گاجبکہ صوبائی حکومتیں بھی اس کے علمی وسائل اور باہمی تجربات سے استفادے کے مواقع حاصل کرسکیں گی۔



















































