اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے کان کے قطروں کی ایک مخصوص کھیپ کے بارے میں حفاظتی انتباہ جاری کرتے ہوئے
مریضوں کو اس کا استعمال فوری طور پر بند کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ حکام نے متعلقہ دوا کو غیر معیاری اور ملاوٹ شدہ قرار دے کر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم بھی دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول پنجاب نے الرٹ نمبر 168/2026 جاری کیا ہے، جس میں کراچی کی کمپنی سینٹے پرائیویٹ لمیٹڈ کی تیار کردہ دوا ’’ایئر ڈراپس ڈیکسٹوب 5 ایم ایل‘‘ (Ear Drops Dexatob 5mL) کی مخصوص کھیپ کو غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ اس دوا کا رجسٹریشن نمبر 029525 جبکہ متاثرہ بیچ نمبر AS-208 ہے، جس کی میعاد اپریل 2028 تک ہے۔الرٹ کے مطابق پنجاب کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری نے مذکورہ بیچ کو ملاوٹی قرار دیا ہے۔ اس رپورٹ کی روشنی میں پروونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ پنجاب کی ہدایات پر دوا کی کلاس ون ریکال جاری کردی گئی ہے۔حکام نے دوا تیار کرنے والی کمپنی اور مارکیٹ آتھورائزیشن ہولڈر کو متاثرہ کھیپ فوری طور پر مارکیٹ سے واپس لینے اور اس کی ترسیل و تقسیم کا مکمل ریکارڈ جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
تمام میڈیکل اسٹورز، فارمیسیوں، ہول سیل ڈیلرز اور طبی مراکز کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ بیچ نمبر AS-208 کی فروخت اور استعمال روک دیں۔ متعلقہ اداروں کو اپنے پاس موجود اسٹاک کی تفصیلات بھی ڈرگ انسپکٹر کو فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔دوسری جانب مریضوں اور عام شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اس مخصوص کھیپ کے کان کے قطرے استعمال نہ کریں، کیونکہ ان سے صحت کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ اگر کسی مریض میں دوا کے استعمال کے بعد کوئی غیر معمولی علامت یا ردعمل ظاہر ہو تو اس کی اطلاع صوبائی فارماکو ویجیلنس سینٹر کو دی جائے۔



















































