اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اسلامی جمعیت طلبہ نے طلبہ یونین کی بحالی اور تعلیمی مسائل کے حل کے مطالبات کے حق میں پنجاب اسمبلی کے سامنے غیر معینہ مدت کے لیے احتجاجی دھرنا دے دیا ہے۔
اس احتجاج میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے طلبہ شریک ہیں۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ناظمِ اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان صاحبزادہ وسیم حیدر نے کہا کہ حکمران صوبوں کی تقسیم کی باتیں تو کرتے ہیں، لیکن بلدیاتی اداروں کو اختیارات دینے سے گریز کیوں کیا جا رہا ہے؟ اگر حکومت اپنے مؤقف میں سنجیدہ ہے تو اسے طلبہ یونین بحال کرنے کے ساتھ مقامی حکومتوں کو بھی بااختیار بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ طلبہ یونین نوجوانوں میں سے حقیقی قیادت سامنے لانے کا مؤثر ذریعہ ہیں۔ نئے صوبے بنانے سے چھوٹے سردار اور وڈیرے وزیراعلیٰ تو بن سکتے ہیں، لیکن اس عمل سے عوامی سطح پر حقیقی قیادت پروان نہیں چڑھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جمہوری اداروں کو اختیارات دیے بغیر صوبوں کی تقسیم کے لیے ریفرنڈم کرایا گیا تو اسے قبول نہیں کیا جائے گا۔صاحبزادہ وسیم حیدر نے خبردار کیا کہ طلبہ یونین کی بحالی اور بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ملک بھر کی جامعات میں احتجاجی مہم شروع کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نوجوانوں کو فیصلہ سازی میں کردار دینے کے لیے طلبہ یونین کی بحالی کا باضابطہ اعلان کیا جائے۔
ان کے مطابق اگر پنجاب حکومت نے احتجاجی حالات خراب کرنے کی کوشش کی تو دھرنے کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملک گیر احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ 25 نومبر کو ملک بھر کی جامعات میں طلبہ یونین پر پابندی کے خلاف یومِ سیاہ منایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے متحرک ہوچکے ہیں اور مطالبات کی منظوری تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔تعلیمی مسائل کا ذکر کرتے ہوئے ناظمِ اعلیٰ نے کہا کہ ملک میں 2 کروڑ 51 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، حالانکہ آئین کے آرٹیکل 25-A کے تحت پانچ سے 16 سال تک کے بچوں کو مفت اور لازمی تعلیم فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق حکومت اس آئینی ذمہ داری کو پورا کرنے میں ناکام ہے، اس لیے فوری طور پر تعلیمی ایمرجنسی نافذ کی جانی چاہیے۔انہوں نے جامعات میں ہراسانی اور منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ فیسوں میں مسلسل اضافے کے باعث کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کے لیے سرکاری جامعات میں تعلیم حاصل کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔
دھرنے سے سیکرٹری جنرل اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ابوذر غفاری، ناظم پنجاب جنوبی حذیفہ عثمان، ناظم پنجاب شمالی احمد عبداللہ، ناظم لاہور عبداللہ عباس اور ناظم جامعہ پنجاب احسن فرید نے بھی خطاب کیا۔اس سے قبل طلبہ کے حقوق کے لیے نکالا جانے والا روڈ کارواں جامعہ پنجاب سے پنجاب اسمبلی کی جانب روانہ ہوا، تاہم پولیس نے مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرکے اسے روکنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں مظاہرین نے اسمبلی کے سامنے دھرنا دے دیا، جسے غیر معینہ مدت تک جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔



















































