لاہور: پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے نظام کی نگرانی اور شہریوں کی شکایات کے اندراج کے لیے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے لوگ اپنے علاقے میں نصب کوڈ اسکین کرکے صفائی کی صورتحال سے متعلق مسائل کی اطلاع دے سکیں گے اور انتظامات کے بارے میں اپنی رائے بھی حکام تک پہنچا سکیں گے۔
نئے نظام کے تحت مختلف مقامات پر لگائے گئے کیو آر کوڈز اسکین کرنے سے شہریوں کو اپنے علاقے میں کام کرنے والے صفائی عملے کی معلومات بھی دستیاب ہوں گی۔ کوڑا نہ اٹھانے، گندگی اور صفائی کے دیگر مسائل کی نشاندہی کے بعد متعلقہ حکام کو شکایات کا چند گھنٹوں میں ازالہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی اجلاس میں منصوبے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ صفائی سے متعلق عوامی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے لیے عملے اور ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کے ساتھ مناسب مقامات پر کوڑے دان رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں ہفتے کے دوران کم از کم دو مرتبہ صفائی کا انتظام ہونا چاہیے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ہر روز کسی ایک تحصیل میں خصوصی صفائی مہم چلانے اور گھروں سے کچرا اٹھانے کا عمل جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے سڑکوں کے اطراف جھاڑیوں اور گھاس کی کٹائی کے لیے جدید مشینری استعمال کرنے کا حکم بھی دیا۔
مریم نواز نے ہر ضلع میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈز بنانے کی ہدایت کی، جو عوامی مقامات پر کوڑا پھینکنے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ انہوں نے گلیوں اور نالیوں میں بار بار کچرا پھینکنے والے افراد پر جرمانے عائد کرنے، کچرا جمع کرنے کے لیے مزید مقامات مختص کرنے اور بازاروں سمیت سڑک کنارے ریڑھی بانوں کے علاقوں میں مناسب تعداد میں کوڑے دان نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر بلدیات کو صفائی کے انتظامات کا معیار جانچنے کے لیے اچانک دورے کرنے کا کہا، تاکہ عملے کی حاضری اور مشینری کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جاسکے۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب بھر میں 93 ہزار سے زیادہ سینی ٹیشن بیٹس قائم کی جاچکی ہیں، جبکہ 51 ہزار سے زائد خالی پلاٹوں کی نشاندہی کی گئی ہے۔ ان میں سے تقریباً 30 ہزار پلاٹوں سے کوڑا کرکٹ صاف کیا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق صوبے میں 8 ہزار 376 نالوں کی مجموعی طور پر 7 ہزار 843 کلومیٹر طویل صفائی کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام سے وابستہ تمام ورکرز کو تنخواہیں ادا کردی گئی ہیں۔
حکومت کے مطابق کیو آر کوڈ پر مبنی اس سہولت سے شہری صفائی کے مسائل براہِ راست متعلقہ حکام تک پہنچا سکیں گے، جس سے نہ صرف شکایات کے حل میں تیزی آئے گی بلکہ عوام کو صفائی کے انتظامات کی نگرانی میں بھی شریک کیا جاسکے گا۔



















































