اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان اور پرتگال نے سفارتی تعلقات کو فروغ دینے اور سرکاری وفود کی آمدورفت آسان بنانے کے لیے ایک اہم ویزا معاہدے پر اتفاق کرلیا ہے۔
اس کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو ایک دوسرے کے ملک کا سفر کرنے کے لیے ویزا حاصل کرنے کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
وزارت خارجہ کے دفتر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب کے دوران معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار جبکہ پرتگال کے وزیر مملکت و وزیر خارجہ پاؤلو رینجل نے دستاویز پر دستخط کرکے اپنے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔
وزارت خارجہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ اعلیٰ سطح کے رابطوں اور سفارتی وفود کے تبادلوں کو سہل بنانا ہے۔ معاہدے پر عمل درآمد سے سرکاری اور سفارتی شخصیات کے باہمی دوروں میں آسانی پیدا ہونے کی توقع ہے۔
معاہدے میں واضح کیا گیا ہے کہ ویزا سے چھوٹ کا اطلاق صرف سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد پر ہوگا۔ عام پاکستانی پاسپورٹ کے حامل شہریوں کے لیے پرتگال جانے کی ویزا شرط برقرار رہے گی اور انہیں پہلے کی طرح مقررہ طریقہ کار کے مطابق ویزا حاصل کرنا ہوگا۔
اسی طرح پرتگال کے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد بھی پاکستان آنے کے لیے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والا یہ معاہدہ سفارتی تعاون بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جس سے مستقبل میں دوطرفہ روابط اور تعاون کے نئے امکانات پیدا ہونے کی توقع ہے۔



















































