اسلام آباد(این این آئی)خلائی تاریخ میں پاکستان ایک نئی منزل کی جانب گامزن ہے اور اسی تاریخی پیشرفت میں پہلا پاکستانی خلا باز (آج)بدھ کو چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں روانہ ہوگا۔
خلائی مشن کی روانگی سے متعلق چینی حکام نے بریفنگ دی۔پاک چین خلائی تعاون میں یہ ایک تاریخی سنگِ میل ہے، سپارکو کے مطابق محمد ذیشان علی اور خرم داؤد چین میں خلائی تربیت مکمل کر چکے ہیں، دونوں میں سے ایک امیدوار بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خلا کا سفر کریگا۔پاکستانی خلا باز ذیشان علی چین کے شین ژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں روانہ ہوں گے۔چینی حکام کے مطابق پاکستانی خلا باز ذیشان پے لوڈ ماہر کے طور پر خلا میں جائیں گے۔پاکستانی خلا باز چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز ہوں گے۔مشن کے لوگو میں پاکستان کے قومی پھول چنبیلی کو بھی جگہ دی گئی ہے۔سپارکو کے مطابق پاکستانی خلاباز ذیشان علی تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام کے بعد واپس آئیں گے۔پاک چین تعلقات کے قیام کے 75ویں سالگرہ کے موقع پر ذیشان علی چینی مشن کا حصہ ہوں گے۔ادھر پاکستانی خلا باز ذیشان علی نے کہا کہ یہ مشن آخری نہیں بلکہ مزید مشترکہ مشن بھی ہوں گے۔مشن کی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی خلاباز نے کہا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ خلائی مشن پر روانہ ہونے کا موقع ملے گا، مستقبل میں بین الاقومی خلا بازوں کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ہے۔چینی خلا باز نے بتایا کہ پاکستانی ساتھی خلاباز نے مشن کیلئے بھرپورتیاری کی ہے، گزشتہ کچھ عرصے میں ایک دوسرے سے ہم آہنگی پیدا ہوئی۔
اس موقع پر پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے کہا کہ نہ صرف میرے بلکہ پاکستان کیلئے اعزاز ہے، خلائی مرکز کی انتظامیہ اور عملے نے بہترین تربیت فراہم کی، چینی عملے کے ساتھ دوستی اور پیشہ ورانہ تعلقات قائم ہوئے ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی سمندروں سے گہری اور ہمالیہ سے اونچی ہے۔محمد ذیشان نے کہا کہ امید ہے یہ مشن آخری نہیں بلکہ مزید مشترکہ مشن بھی ہوں گے، چین پاکستان کے تعلقات اور دوستی کو مستقبل میں بڑھتا دیکھ رہا ہوں، ہم چاند، مریخ اور اس سے بھی آگے کی منازل طے کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا مشن میں ذیشان نہیں پاکستان جارہا ہے اور پاکستان کی نمائندگی اور فخر تمہارے سر ہے۔



















































