اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی،
جبکہ یورو اور برطانوی پاؤنڈ بھی سستے ہوگئے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 3 پیسے کم ہوکر 276 روپے 57 پیسے پر آگئی، جبکہ گزشتہ کاروباری روز یہ 276 روپے 60 پیسے پر بند ہوا تھا۔اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان برقرار رہا، جہاں امریکی کرنسی 20 پیسے سستی ہونے کے بعد 278 روپے 33 پیسے میں فروخت ہوئی۔
اسی طرح یورو کی قیمت بھی 20 پیسے گھٹ گئی، جس کے بعد اس کا نیا نرخ 309 روپے 28 پیسے ہوگیا۔ برطانوی پاؤنڈ بھی 11 پیسے کمی کے ساتھ 369 روپے 8 پیسے پر آگیا۔دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں متحدہ عرب امارات کے درہم اور سعودی ریال کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ درہم 7 پیسے مہنگا ہوکر 76 روپے 11 پیسے جبکہ سعودی ریال 5 پیسے اضافے کے بعد 74 روپے 39 پیسے کا ہوگیا۔



















































