اسلام آباد (نیوز ڈیسک)انگلینڈ نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 355 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کردیا۔
یہ آسٹریلوی سرزمین پر ون ڈے کرکٹ میں انگلش ٹیم کا اب تک کا سب سے زیادہ مجموعہ ہے۔اس سے قبل انگلینڈ کا آسٹریلیا میں ون ڈے میچ کے دوران سب سے بڑا اسکور 333 رنز تھا، جو اس نے 2011 میں سڈنی کرکٹ گراؤنڈ پر 6 وکٹوں کے نقصان پر بنایا تھا۔ دوسرے میچ میں 355 رنز بنا کر ٹیم نے اپنا سابقہ ریکارڈ بہتر کرلیا۔انگلش اننگز کے نمایاں بلے باز ٹام بینٹن رہے، جنہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے کیریئر کی دوسری سنچری مکمل کی۔ جو روٹ نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 62 رنز اسکور کیے۔
درمیانی اوورز میں مسلسل وکٹیں گرنے کے باعث انگلینڈ کی رنز بنانے کی رفتار کچھ متاثر ہوئی، تاہم جیکب بیتھل اور ول جیکس نے نصف سنچریاں بنا کر اننگز کو سہارا دیا۔ دونوں کھلاڑیوں کی اہم شراکت نے ٹیم کو بڑے ہدف تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔آسٹریلیا کی جانب سے زیویئر بارٹلیٹ سب سے کامیاب بولر رہے اور انہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کونولی کے سوا میزبان ٹیم کے دیگر بولرز رنز روکنے میں ناکام دکھائی دیے۔ انگلینڈ کی جانب سے مقرر کردہ 356 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کو سخت امتحان کا سامنا ہوگا۔



















































