اسلام آباد( این این آئی)پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی مالی سال کی ابتدائی سہ ماہی کے دوران پیٹرولیم لیوی کی ریکارڈ وصولی سامنے آئی ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں سرکاری دستاویزات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال 2026-27کی پہلی سہ ماہی(یعنی جولائی سے ستمبر 2026)کے دوران حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی مد میں 381ارب 82کروڑ روپے وصول کیے۔دستاویزات میں درج اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 10ارب 21کروڑ روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ اضافہ ملکی تاریخ میں کسی بھی مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ہونے والی وصولیوں کے مقابلے میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔یاد رہے کہ حکومت نے مالی سال 2026-27کے ابتدائی 2ماہ کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 220ارب روپے جمع کیے ہیں۔ رواں مالی سال کے لیے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی کی مد میں مجموعی طور پر 1.676ٹریلین روپے حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔



















































