اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نادرا نے ہیپاٹائٹس سی سے متعلق سرٹیفکیٹس کے حصول کا طریقہ آسان بناتے ہوئے یہ سہولت آن لائن فراہم کر دی ہے، جس کے بعد شہریوں کو سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے قومی پروگرام برائے انسدادِ ہیپاٹائٹس سی کے تحت نامزد مراکز سے ٹیسٹ کروانے والے افراد اب نادرا کی ویب سائٹ کے ذریعے مختلف سرٹیفکیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔
اس آن لائن سروس کے تحت ہیپاٹائٹس سی نیگیٹو سرٹیفکیٹ، پی سی آر ٹیسٹ کے ذریعے نیگیٹو نتیجے کی تصدیق اور علاج مکمل ہونے کا سرٹیفکیٹ جاری کروایا جا سکے گا۔
نادرا کے مطابق پہلی مرتبہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے 100 روپے فیس مقرر کی گئی ہے، جبکہ دوبارہ سرٹیفکیٹ حاصل کرنے پر کوئی اضافی رقم ادا نہیں کرنا ہوگی۔
شہری آن لائن درخواست دینے اور سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے نادرا کے اس لنک سے استفادہ کر سکتے ہیں:
https://nims.nadra.gov.pk/nims/certificate-hcv



















































