اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے حکومت نے لیوی کی تقسیم میں مزید تبدیلی کردی ہے،
جس کے تحت شہریوں پر فی لیٹر پیٹرولیم لیوی کا بوجھ کم جبکہ ریفائنریز کی ذمہ داری بڑھا دی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار متعارف کرانے کے بعد اس کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔ حکومتی فیصلے کے تحت صارفین کو فی لیٹر پیٹرول پر لیوی کی مد میں مزید ایک روپے 65 پیسے کا ریلیف دیا گیا ہے۔اس تبدیلی کے بعد عوام کی جانب سے ادا کی جانے والی پیٹرولیم لیوی 65 روپے 29 پیسے سے کم ہوکر 63 روپے 64 پیسے فی لیٹر رہ گئی ہے۔دوسری جانب ریفائنریز کے حصے میں آنے والی لیوی بڑھا کر 16 روپے 36 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
اس طرح حکومت نے صارفین کو دی جانے والی رعایت کے بدلے لیوی کا اضافی حصہ ریفائنریز پر منتقل کردیا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت فی لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 80 روپے لیوی وصول کررہی ہے، جس میں سے 63 روپے 64 پیسے صارفین جبکہ 16 روپے 36 پیسے ریفائنریز کے ذمے ہیں۔یاد رہے کہ حکومت نے تقریباً دو ہفتے قبل پیٹرول کی قیمتوں کے تعین کا فارمولا تبدیل کیا تھا، جس کے بعد پیٹرولیم لیوی کی ادائیگی اور تقسیم کے طریقہ کار میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔



















































