اسلام آباد (نیوز ڈیسک) اٹلی، اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ میں ہزاروں تعلیمی اداروں کو بم دھماکوں کی دھمکیاں موصول ہونے کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کئی اسکولوں کو خالی کرا لیا گیا۔
اٹلی میں تقریباً 6 ہزار 300 سرکاری اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔ تاہم وزیر تعلیم جوسیپے ولڈیتارا نے ان واقعات کو ممکنہ سائبر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق کسی حقیقی خطرے کا امکان نظر نہیں آتا۔اطالوی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ اٹلی سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں پروازوں، سپر مارکیٹس اور اسپتالوں کو بھی اسی نوعیت کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان واقعات کے پیچھے ایک منظم حکمت عملی ہو سکتی ہے۔ادھر اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے 700 سے زیادہ اسکولوں کو بھی اسی طرح کے دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے ہیں۔ تاہم حکام ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کر سکے کہ مختلف ممالک میں پیش آنے والے یہ واقعات ایک دوسرے سے منسلک ہیں یا نہیں۔اٹلی میں حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد تعلیمی اداروں کو خالی کرایا گیا، لیکن وزیراعظم جارجیا میلونی نے کہا ہے کہ اب تک کی تحقیقات میں کسی حقیقی خطرے کے شواہد سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے فیس بک پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان دھمکیوں کا مقصد بظاہر لوگوں میں خوف اور بے چینی پیدا کرنا معلوم ہوتا ہے۔اطالوی حکام کے مطابق بدھ کے روز ملک کے مجموعی طور پر 7 ہزار 476 سرکاری اسکولوں میں سے 6 ہزار 300 کو بظاہر ایک ہی ای میل موصول ہوئی، جبکہ نجی تعلیمی اداروں کو ان پیغامات سے نشانہ نہیں بنایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ای میل ایک فرضی شخصیت، خود ساختہ ’ولایتِ میسوجنستان‘ کے رہنما میخائل آندروپوف کے نام سے بھیجی گئی تھی، جس کے باعث کئی اسکولوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔اسکاٹ لینڈ پولیس کے مطابق کم از کم 470 اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میلز موصول ہوئیں۔ پولیس نے فوری طور پر ان پیغامات کی جانچ کی اور انہیں بے بنیاد قرار دیا، کیونکہ کسی بھی مقام پر خطرے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔شمالی آئرلینڈ میں بھی تقریباً 300 دھمکیاں موصول ہونے کے بعد محکمہ تعلیم نے اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پولیس کی جانب سے نئی ہدایات جاری ہونے تک تعلیمی ادارے کھلے رکھے جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ای میل کے ذریعے ملنے والی دھمکیوں کے بعد اس خطے کے متعدد اسکول بند کرنا پڑے تھے۔ اس سے قبل یورپ میں طیاروں میں بم نصب ہونے کی اطلاعات پر کئی پروازوں کو قریبی ہوائی اڈوں پر ہنگامی طور پر اتارا گیا تھا، تاہم بعد میں ان تمام اطلاعات کو بھی غلط قرار دے دیا گیا تھا۔



















































