اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستان کے توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، جہاں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سندھ کے ضلع خیرپور میں تیل اور گیس کے نئے ذخائر دریافت کرنے کا اعلان کیا ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق کمپنی نے اس دریافت سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باضابطہ خط ارسال کرکے آگاہ کردیا ہے۔ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خیرپور میں بٹریسم نارتھ ویسٹ ون کے نام سے کھودے گئے کنویں سے گیس اور کنڈینسیٹ حاصل ہوا ہے۔او جی ڈی سی ایل کے مطابق کنویں کی ابتدائی جانچ کے دوران روزانہ 12.8 ملین معیاری مکعب فٹ گیس کے ساتھ 175 بیرل کنڈینسیٹ کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔ یہ ذخائر لوئر گورو فارمیشن کے بیسل سینڈز میں دریافت ہوئے ہیں۔کمپنی کا کہنا ہے کہ کنویں کی کھدائی 21 اگست 2026 کو شروع کی گئی تھی، جسے بعدازاں 3 ہزار 732 میٹر کی گہرائی تک پہنچایا گیا۔
اس ایکسپلوریشن لائسنس میں او جی ڈی سی ایل 95 فیصد حصص کی مالک ہونے کے ساتھ آپریٹر کی ذمہ داریاں بھی انجام دے رہی ہے، جبکہ گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ (جی ایچ پی ایل) کے پاس باقی 5 فیصد حصہ ہے۔او جی ڈی سی ایل کے مطابق نئے دریافت ہونے والے ذخائر سے فائدہ اٹھانے اور انہیں جلد قومی گیس نیٹ ورک میں شامل کرنے کے لیے کام جاری ہے۔کمپنی نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کامیابی سے پاکستان کے مقامی گیس ذخائر میں اضافہ ہوگا اور توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی، جس سے طلب اور رسد کے درمیان موجود فرق کم کرنے میں بھی معاونت حاصل ہوسکتی ہے۔



















































