اسلام آباد (نیوز ڈ یسک )شہر میں گائے، بچھڑے اور بکرے کے گوشت کی سرکاری قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد مہنگائی سے پریشان شہریوں کو ایک اور جھٹکا لگ گیا۔
کراچی کمشنر کی جانب سے جاری نئے نرخ نامے کے مطابق ہڈی والے گائے کے گوشت کی قیمت 1,050 روپے جبکہ بغیر ہڈی گائے کا گوشت 1,350 روپے فی کلو مقرر کر دیا گیا ہے۔ دونوں قیمتوں میں 50 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے۔
اسی طرح ہڈی والے بچھڑے کے گوشت کی قیمت 1,350 روپے اور بغیر ہڈی بچھڑے کے گوشت کی قیمت 1,650 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
بکرے کے گوشت کی سرکاری قیمت میں بھی 100 روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمت 2,300 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
تاہم سرکاری نرخوں اور بازار میں فروخت ہونے والے گوشت کی قیمتوں میں اب بھی واضح فرق موجود ہے۔ حساس قیمتوں کے اشاریے کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران کراچی میں بکرے کے گوشت کی قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گوشت کے تاجروں کا کہنا ہے کہ گوشت کی برآمدات، نقل و حمل کے بڑھتے اخراجات، ایل پی جی اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث گوشت کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں۔ بازار میں اس وقت کئی اقسام کا گوشت سرکاری نرخوں سے زیادہ قیمت پر فروخت کیا جا رہا ہے۔



















































