اسلام آباد (نیوز ڈیسک) جرمنی نے انجینئرنگ کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی ماہرین اور تجربہ کار افراد کے لیے روزگار کے دروازے کھول رکھے ہیں،
جس سے پاکستانی انجینئرز بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔بیورو آف ایمیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ (بی ای او ای) کے مطابق پاکستان سے تعلق رکھنے والے انجینئرز ضروری تعلیمی اسناد، متعلقہ شعبے میں تجربے اور ویزا سے متعلق شرائط پوری کرنے کی صورت میں جرمنی میں ملازمت اور قیام کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔جرمنی کو انجینئرنگ، جدید صنعتی مشینری، پلانٹس، برقی مصنوعات اور گاڑیوں کی تیاری کے حوالے سے نمایاں مقام حاصل ہے۔ صنعتی شعبے میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال میں اضافے کے باعث بھی انجینئرز کے لیے ملازمت کے نئے امکانات سامنے آ رہے ہیں۔تحقیق و ترقی، آٹومیشن، تعمیراتی منصوبہ بندی، آرکیٹیکچر اور آٹوموبائل انڈسٹری میں ماہر انجینئرز کی ضرورت ہے۔
اس کے علاوہ الیکٹرک اور خودکار طریقے سے چلنے والی گاڑیوں کی تیاری سے وابستہ جدید ٹیکنالوجی نے بھی اس شعبے میں روزگار کے مواقع بڑھا دیے ہیں۔قابل اور تجربہ کار انجینئرز قابلِ تجدید توانائی، ماحولیات کے تحفظ اور مصنوعی ذہانت جیسے شعبوں میں بھی ملازمت حاصل کرنے کے امکانات تلاش کر سکتے ہیں۔جرمنی میں ملازمت کے خواہش مند پاکستانی انجینئرز اپنی اہلیت جانچنے کے لیے ابتدائی طور پر ’کوئک چیک‘ (Quick Check) کی سہولت استعمال کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد ’میک اٹ اِن جرمنی‘ (Make it in Germany) کے سرکاری جاب پورٹل پر اپنی مہارت اور پیشہ ورانہ شعبے سے متعلق خالی آسامیوں کی تلاش کرکے درخواست دی جا سکتی ہے۔ملازمت کی پیشکش ملنے کے بعد امیدوار کو جرمنی میں کام اور رہائش کے لیے متعلقہ اجازت نامہ اور ورک ویزا حاصل کرنا ہوگا۔ اہل امیدوار اس مقصد کے لیے اسکلڈ امیگریشن ورک ویزا یا یورپی یونین بلیو کارڈ کے تحت بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
اگرچہ جرمنی میں ہر ملازمت کے لیے جرمن زبان پر عبور لازمی شرط نہیں، تاہم زبان سے واقفیت ملازمت کے حصول اور وہاں روزمرہ امور انجام دینے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ درخواست دینے سے قبل امیدواروں کے لیے اپنی تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ قابلیت اور دیگر مطلوبہ دستاویزات مکمل کرنا بھی ضروری ہے۔اس طرح تعلیمی قابلیت، عملی تجربے اور امیگریشن سے متعلق قانونی تقاضے پورے کرنے والے پاکستانی انجینئرز جرمنی میں مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔



















































