اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ صوبے میں طلباء کو الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا سلسلہ 5 نومبر سے شروع کیا جائے گا۔
اسکیم کے تحت طالبات کو گلابی جبکہ طلباء کو سیاہ رنگ کی ای بائیکس دی جائیں گی۔حکومت پنجاب کی جانب سے شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد طلباء کے لیے تعلیمی اداروں تک پہنچنا آسان بنانا اور روزانہ سفر پر آنے والے اخراجات میں کمی لانا ہے۔ اسکیم کے پہلے مرحلے میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس تقسیم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جبکہ اس پروگرام کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہونے کی اطلاع ہے۔منڈی بہاؤالدین میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے بتایا کہ حکومت طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپس بھی فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی منصوبوں میں شفافیت اور میرٹ کو اہمیت دی جا رہی ہے تاکہ باصلاحیت اور مستحق طلباء کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر آسکیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے دورے کے دوران یونیورسٹی آف رسول اور ایک میڈیکل کالج کا افتتاح بھی کیا۔
ان منصوبوں کا مقصد منڈی بہاؤالدین اور اس کے اطراف کے علاقوں میں اعلیٰ تعلیم کی سہولیات کو وسعت دینا ہے، تاکہ مقامی طلباء کو تعلیم کے حصول کے لیے دوسرے شہروں میں جانے کی ضرورت کم پیش آئے۔حکام کے مطابق مجوزہ میڈیکل کالج میں 100 نشستوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔ انتظامی اور دیگر ضروری امور مکمل ہونے کے بعد ادارے میں فروری 2027 سے تدریسی سرگرمیاں شروع ہونے کی توقع ہے۔



















































