اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزارت مذہبی امور نے ایران اور عراق کا سفر کرنے والے پاکستانی زائرین کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے انہیں روانگی سے پہلے اپنی پروازوں کی صورتحال کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے۔
زائرین کے ساتھ ساتھ زیارت گروپ آرگنائزرز کو بھی سفر کے دوران ممکنہ مشکلات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔وزارت کے ترجمان کے مطابق ایران اور عراق جانے والے مسافروں کو چاہیے کہ ٹکٹ بک کروانے کے بعد اپنی پرواز کی روانگی کے بارے میں تازہ معلومات حاصل کریں۔ ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ غیر یقینی یا غیر مصدقہ پروازوں پر انحصار کرنے سے گریز کیا جائے اور سفر سے قبل متبادل انتظامات بھی مکمل رکھے جائیں۔خصوصی طور پر تہران، مشہد اور نجف کے درمیان فضائی سفر کرنے والے زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی پرواز کے اوقات اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کرلیں، تاکہ اچانک تبدیلی یا منسوخی کی صورت میں پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔وزارت مذہبی امور نے مزید مشورہ دیا ہے کہ مسافر پرواز منسوخ ہونے یا سفری منصوبے میں تبدیلی کی صورت میں متبادل فضائی یا زمینی سفر اور رہائش کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اضافی رقم اپنے پاس رکھیں۔
اس اقدام سے ہنگامی حالات میں ضروری انتظامات کرنے میں آسانی ہوگی۔دوسری جانب رجسٹرڈ زیارت گروپ آرگنائزرز کو بھی پابند کیا گیا ہے کہ وہ غیر مصدقہ ایرانی پروازوں پر بھروسا نہ کریں اور اپنے گروپس میں شامل تمام زائرین کو جاری کردہ ہدایات سے آگاہ کریں۔ انہیں سفر کے انتظامات کے دوران مسافروں کی سہولت اور حفاظت کو ترجیح دینے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔وزارت کے مطابق ان احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے زائرین کو دوران سفر پیش آنے والی غیر متوقع مشکلات سے بچانے اور ان کے سفری انتظامات کو بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔



















































