کوئٹہ (نیوز ڈیسک) بلوچستان حکومت نے صوبے کے نوجوانوں کو فنی مہارتوں سے آراستہ کرکے بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت 30 ہزار نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیرون ملک بھیجنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں فنی تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ سے متعلق مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ فنی تربیتی اداروں کی رجسٹریشن کے لیے قائم کردہ پورٹل نے کام شروع کردیا ہے۔ اس کے علاوہ صوبے کے 25 ہزار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تکنیکی تربیت فراہم کرنے کا منصوبہ بھی منظور کیا جاچکا ہے۔
اجلاس میں چیف منسٹر یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے اہداف میں تاخیر کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ وزیراعلیٰ نے پروگرام پر عمل درآمد میں سست روی کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس موقع پر سرفراز بگٹی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ نوجوانوں کو ایسی فنی تربیت دی جائے جو جدید ٹیکنالوجی، عالمی معیار اور روزگار کی مارکیٹ میں موجود ضروریات سے مطابقت رکھتی ہو، تاکہ وہ ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار حاصل کرنے کے قابل بن سکیں۔



















































