اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) معروف یوٹیوبر رجب بٹ کی اہلیہ نے بچے کے ماہانہ اخراجات کی ادائیگی اور شادی کے وقت دیا گیا
جہیز واپس لینے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ گارڈین کورٹ نے درخواست پر رجب بٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 اکتوبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے مطابق درخواست گزار نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ شادی کے چند ماہ بعد انہیں گھر سے نکال دیا گیا، جبکہ رجب بٹ کی جانب سے طلاق کا نوٹس بھی بھجوایا گیا۔ تاہم ان کے مطابق طلاق تاحال مؤثر نہیں ہوئی۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شادی کے موقع پر ان کے والدین نے 87 لاکھ 92 ہزار روپے مالیت کا جہیز دیا تھا، لیکن یہ سامان اب تک واپس نہیں کیا گیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ متعلقہ فریق کو جہیز کا سامان واپس کرنے کا حکم دیا جائے۔درخواست گزار کے مطابق رجب بٹ کا ایک بیٹا کیوان بھی ہے، جس کے اخراجات ادا نہیں کیے جا رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ رجب بٹ کی ماہانہ آمدن کروڑوں روپے میں ہے،
اس لیے عدالت بچے اور اہلیہ کے لیے مناسب ماہانہ خرچہ مقرر کرے۔عدالت میں دائر درخواست میں بیٹے کی کفالت کے لیے ماہانہ 5 لاکھ روپے جبکہ اپنی ضروریات کے لیے 2 لاکھ روپے ماہانہ خرچہ مقرر کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔گارڈین کورٹ نے رجب بٹ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 30 اکتوبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ مقدمے میں آئندہ پیش رفت عدالت میں جمع کرائے جانے والے جواب اور کارروائی سے سامنے آئے گی۔



















































