اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی سے وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔
میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے تحریک انصاف سے سہیل آفریدی کی جگہ نیا وزیراعلیٰ مقرر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی سے دہشتگردی پر قابو پانے میں ناکام وزیراعلیٰ کو تبدیل کرنے کی توقع کرتے ہیں۔طارق فضل چوہدری نے کہا کہ سیاسی ناپختہ لوگ خیبر پختونخوا پر مسلط ہیں،سڑکوں پر سرکس لگانے والے ہوش کے ناخن لیں،پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کو ڈیل کرنا وفاقی حکومت کے لیے کوئی چیلنج نہیں، لانگ مارچ اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی پر قابو پانا دو الگ الگ موضوعات ہیں۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ خون بہانے والوں کا قلع قمع کرنے کیلئے میدان عمل میں ہیں، دہشتگردی سے 12 اضلاع شدید متاثر ہیں وہاں خصوصی انتظامات وقت کا تقاضا ہیں، وفاقی حکومت کی ترجیح دہشتگردی پرقابو پانا ہے۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ دہشتگردی کے باعث خیبر پختونخوا کے کئی علاقے نوگوایریاز بن چکے ہیں لیکن پی ٹی آئی والے ان علاقوں میں باآسانی آتے جاتے ہیں، تحریک انصاف وضاحت کرے کہ دہشتگردوں سے ان کا کیا تعلق ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی لانگ مارچ ڈیل کرنے کے تمام انتظامات مکمل کرلیے ہیں، اگرایمرجنسی کا نفاذ ہوتا ہیتواسکا لانگ مارچ سیکوئی تعلق نہیں، ایمرجنسی کا ممکنہ نفاذ صوبائی حکومت کا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں عدم تعاون ہوگا۔



















































