لاہور (این این آئی)سموگ اور فضائی آلودگی کے تدارک کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کریک ڈائون مزید تیز کر دیا ،
گزشتہ 4روز کے دوران سموگ کا باعث بننے والی 2ہزار سے زائد ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان سیف سٹیز کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 1085 گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں سے 858کو جرمانے جبکہ 227کو وارننگز جاری کی گئیں۔ لاہور میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور دیگر ماحولیاتی خلاف ورزیوں پر 370 ای چالان بھی جاری کیے گئے۔بغیر ترپال تعمیراتی سامان لے جانے والی 797گاڑیوں کی نشاندہی کی گئی، جن میں 389کو جرمانے اور 222کو وارننگز جاری کی گئیں۔ترجمان کے مطابق بار بی کیو پوائنٹس اور چمنیوں سے دھوئیں کے اخراج کی 105خلاف ورزیاں ریکارڈ ہوئیں، جن میں 102کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ بھٹوں سے دھوئیں کے اخراج کے 17کیسز سامنے آئے،
جن میں 12کو وارننگ اور 5کیسز مزید کارروائی کے لیے متعلقہ محکمے کو بھجوا دئیے گئے۔سیف سٹیز اتھارٹی کا کہنا ہے کہ سمارٹ سیف سٹی سنٹرز سے سموگ اور ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ سموگ اور فضائی آلودگی کا باعث بننے والی سرگرمیوں کی اطلاع ہیلپ لائن 15پر دیں۔



















































