اسلام آباد (نیوز ڈ یسک) پاکستان میں آئی فون 18 سیریز کی خریداری میں دلچسپی رکھنے والے صارفین کے لیے مختلف ماڈلز کے پی ٹی اے رجسٹریشن ٹیکس کی متوقع تفصیلات سامنے آگئی ہیں، جن میں آئی فون 18، آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس شامل ہیں۔
تازہ دستیاب معلومات کے مطابق آئی فون 18 پرو کو پاسپورٹ کے ذریعے رجسٹر کرانے کی صورت میں تقریباً 2 لاکھ 16 ہزار 231 روپے پی ٹی اے ٹیکس ادا کرنا ہوگا، جبکہ قومی شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن پر یہ رقم تقریباً 2 لاکھ 37 ہزار 854 روپے بنتی ہے۔
آئی فون 18 پرو میکس کے لیے بھی رجسٹریشن ٹیکس کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔ پاسپورٹ پر رجسٹریشن کی صورت میں اس ماڈل کا تخمینی ٹیکس تقریباً 2 لاکھ 23 ہزار 181 روپے ہے، جبکہ شناختی کارڈ کے ذریعے رجسٹریشن کرانے پر تقریباً 2 لاکھ 45 ہزار 499 روپے ٹیکس متوقع ہے۔
دوسری جانب آئی فون 18 کے بنیادی ماڈل کی رجسٹریشن کے لیے پاسپورٹ کی بنیاد پر تقریباً 2 لاکھ 71 ہزار 381 روپے پی ٹی اے ٹیکس کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ قومی شناختی کارڈ کے ذریعے یہی فون رجسٹر کرانے پر ٹیکس کی رقم تقریباً 2 لاکھ 99 ہزار 14 روپے بتائی گئی ہے۔
صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ آئی فون 18 سیریز کا کوئی بھی ماڈل خریدنے سے قبل اس کے آئی ایم ای آئی نمبر اور پی ٹی اے رجسٹریشن کی حیثیت لازمی طور پر چیک کرلیں۔ اس کے علاوہ خریداری سے پہلے قابل اطلاق ٹیکس کی تفصیل بھی معلوم کرنا ضروری ہے۔
مذکورہ ٹیکس رقم فون کے ماڈل، اس کی ویلیوایشن اور رجسٹریشن کے طریقہ کار سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر تبدیل ہوسکتی ہے، اس لیے ابتدائی طور پر بتائی گئی رقم کو حتمی ٹیکس نہ سمجھا جائے۔
واضح رہے کہ اوپر دیے گئے اعداد و شمار پی ٹی اے ٹیکس کے تخمینوں پر مبنی ہیں۔ موبائل فون رجسٹر کرانے سے قبل صارفین کو متعلقہ سرکاری نظام سے حتمی قابلِ ادائیگی رقم کی تصدیق کرلینی چاہیے تاکہ بعد میں اضافی اخراجات یا موبائل نیٹ ورک سے متعلق مشکلات کا سامنا نہ ہو۔



















































