اسلام آباد (نیوز ڈ یسک)پاکستان ریلوے نے افسران اور ملازمین کے لیے گھر کی تعمیر کے ایڈوانس سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس کا اجرا رواں سال کے اختتام تک روک دیا ہے۔
محکمے کے مطابق 31 دسمبر 2026 تک کسی افسر یا ملازم کو گھر کی تعمیر کے لیے ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس جاری نہیں کیا جائے گا۔ اس عرصے کے دوران اس مد میں نئے ایڈوانس یا قرض کی منظوری اور ادائیگی نہیں ہوگی۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ پاکستان ریلوے میں مالیاتی نظم و ضبط بہتر بنانے اور غیر ضروری اخراجات پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے کفایت شعاری اقدامات کا حصہ ہے۔ وزیر ریلوے نے محکمے میں مالی وسائل کے محتاط استعمال اور اخراجات کو محدود رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسے تمام اخراجات کا جائزہ لیا جائے جنہیں مؤخر یا ختم کیا جاسکتا ہے، جبکہ دستیاب بجٹ کو ضروری امور پر خرچ کرنے کو ترجیح دی جائے۔پاکستان ریلوے میں اخراجات کم کرنے کے لیے دیگر اقدامات بھی کیے جارہے ہیں، جن میں اعلیٰ افسران کے سرکاری امور کے سلسلے میں بیرون ملک دوروں پر پابندی بھی شامل ہے۔ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس کی عارضی معطلی کے باعث وہ افسران اور ملازمین جو گھر کی تعمیر کے لیے اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے تھے، انہیں 31 دسمبر تک انتظار کرنا ہوگا۔تاہم مقررہ مدت ختم ہونے کے بعد ہاؤس بلڈنگ ایڈوانس کی سہولت دوبارہ شروع ہوگی یا نہیں، اس بارے میں حتمی صورتحال آئندہ فیصلے کے بعد ہی واضح ہوگی۔



















































