نیویارک(این این آئی) پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی و سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے ویزا شرائط ختم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے نیویارک میں ملاقات ہوئی، اس موقع پر دونوں ملکوں نے معاہدے پر دستخط کئے۔اسحاق ڈار نے کہاکہ باہمی مفاد میں برادر ملکوں کی شراکت داری بڑھے گی، مقصد اعلیٰ سطح روابط اور ادارہ جاتی تبادلوں کو مزید سہولت فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ویزا شرائط کے خاتمے سے دوطرفہ سرکاری سطح پر آمدورفت آسان ہوگی۔ملاقات میں اعلیٰ سطح کے رابطوں اور باہمی مفاد کے علاقائی اوردوطرفہ امور پر قریبی تعاون جاری رکھنے کی اہمیت پر بھی زوردیاگیا۔
ملالاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس پر حالیہ حملوں کی مذمت کی۔ دونوں رہنمائوں نے مکہ مکرمہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے سے متعلقہ امور بارے تبادلہ خیال اور معاہدے کی رو سے تعاون کو مستحکم بنانے ،علاقائی امن،استحکام اور سلامتی کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔



















































