دبئی (نیوز ڈیسک)ویمنز ایشیا کپ کا فائنل جیتنے کے باوجود بھارتی خواتین کرکٹ ٹیم نے ٹرافی وصول کرنے کی تقریب میں شرکت نہیں کی اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی لینے سے گریز کیا۔
بھارتی ٹیم نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، تاہم میچ کے بعد ہونے والی انعامی تقریب کے دوران ایک نیا تنازع سامنے آگیا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی فائنل کے مہمان خصوصی تھے۔ وہ دیگر عہدیداران کے ہمراہ فاتح ٹیم کو ٹرافی پیش کرنے کے لیے اسٹیج پر موجود رہے، لیکن بھارتی خواتین کھلاڑی ٹرافی وصول کرنے کے لیے اسٹیج پر نہیں آئیں۔
تقریب کے دوران رنر اپ سری لنکن ٹیم کے کھلاڑیوں میں میڈلز اور دیگر اعزازات تقسیم کیے گئے، جبکہ بھارتی ٹیم نے میدان میں واپس آنے سے بھی گریز کیا۔ بھارتی ویمن کرکٹرز ڈریسنگ روم کے باہر ایک گروپ کی صورت میں موجود رہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی کرکٹ ٹیم کی جانب سے محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل بھارتی مردوں کی قومی کرکٹ ٹیم نے بھی ایشین کرکٹ کونسل کے صدر سے ٹرافی لینے سے انکار کیا تھا۔



















































