سان فرانسسکو (نیوز ڈیسک) تقریباً ایک دہائی قبل ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کئے بغیر خارج ہونے والا نوجوان مارک زکربرگ آج امریکا کی امیر ترین نوجوان کاروباری شخصیت بن چکا ہے۔ جریدے فوربز کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق فیس بک کے بانی 31 سالہ مارک زکربرگ 47 ارب ڈالر (تقریباً 47کھرب پاکستانی روپے) کے مالک بن چکے ہیں۔ جریدے نے انہیں امریکا کی کامیاب ترین نوجوان کاروباری شخصیت بھی قرار دیا ہے۔2004ءمیں فیس بک کی بنیاد رکھنے والے زکربرگ آج دنیا کی سولہویں امیر ترین شخصیت بھی ہیں۔ امیر ترین نوجوان کاروباری شخصیات کی فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود شخصیت کا تعلق بھی فیس بک سے ہے۔ ڈسٹن موسکووٹس فیس بک کے شریک بانی تھے اور ان کی دولت 9.7 ارب ڈالر (تقریباً 970 ارب پاکستانی روپے) ہے، مارک زکربرگ کی دولت ان سے تقریباً پانچ گنا زیادہ ہے۔ تیسرے نمبر پر واٹس ایپ کے بانی جان کووم ہیں جن کی کل دولت 8.8 ارب ڈالر (تقریباً 880 ارب پاکستانی روپے) ہے۔ امیر ترین امریکی نوجوان شخصیات کی دولت دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس سے ابھی بھی بہت کم ہے۔ بل گیٹس کی کل دولت 84.7 ارب ڈالر (تقریباً 8470 ارب پاکستانی روپے) ہے۔