اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پنجاب میں گلائکوسٹنگ انجکشن کے ایک مخصوص بیچ کی فروخت، ترسیل اور استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
یہ اقدام بعض مریضوں میں دل کی دھڑکن غیر معمولی حد تک کم ہونے کی شکایات سامنے آنے کے بعد اٹھایا گیا۔
پنجاب ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگ کنٹرول کی جانب سے الرٹ نمبر 125/2026 جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت گلائکوسٹنگ 1 ملی لیٹر انجکشن کے بیچ نمبر **BBG11** کو روکنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مذکورہ بیچ کی میعاد جنوری 2028 تک ہے۔
حکام کے مطابق اس انجکشن میں **Glycopyrrolate 0.5mg** اور **Neostigmine Methylsulfate 2.5mg** شامل ہیں۔
صوبے کے مختلف ہسپتالوں سے مذکورہ دوا کے استعمال کے بعد شکایات موصول ہوئیں، جن میں مریضوں کی دل کی دھڑکن خطرناک حد تک سست ہونے کے واقعات بھی شامل ہیں۔ صورتحال کے پیش نظر پروونشل کوالٹی کنٹرول بورڈ نے احتیاطی اقدام کے طور پر متاثرہ بیچ کے استعمال پر پابندی عائد کردی۔
متعلقہ ڈسٹری بیوٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بیچ نمبر BBG11 کی سپلائی فوری طور پر روک دیں اور کوالٹی کنٹرول، شکایات اور فارماکوویجیلنس سے متعلق تمام ریکارڈ حکام کو فراہم کریں۔
دوسری جانب ہسپتالوں، فارمیسیوں اور ڈسٹری بیوٹرز کو متاثرہ بیچ کو الگ رکھنے اور اس کا ریکارڈ متعلقہ ڈرگ انسپکٹر کے حوالے کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
حکام نے مریضوں اور شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گلائکوسٹنگ انجکشن کے مذکورہ مخصوص بیچ کا استعمال نہ کریں اور اسے فوری طور پر روک دیں۔



















































