اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کے لیے حکومت نے ویکسینیشن سے متعلق اہم فیصلہ کیا ہے،
جس کے تحت بین الاقوامی مسافروں کے لیے سفر سے قبل مطلوبہ ویکسین لگوانا ضروری ہوگا۔وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے انٹرنیشنل ٹریولرز ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کردیا، جہاں بیرون ملک روانگی کے خواہشمند افراد کو سفر سے پہلے ویکسینیشن کی سہولت دستیاب ہوگی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے واضح کیا کہ بین الاقوامی سفر کے لیے متعلقہ ویکسینیشن کی شرط پوری کرنا ہوگی۔مسافروں کو سہولت دینے کے لیے مختلف ایئرپورٹس پر ہیلتھ اور نادرا کے کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔ ان مراکز پر ویکسینیشن سے متعلق معلومات اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال میں معاونت فراہم کی جائے گی۔حکومت نے بیرون ملک جانے اور پاکستان آنے والے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کا آغاز کرنے سے قبل مطلوبہ ویکسینیشن مکمل کرلیں۔ حج اور عمرہ زائرین کے لیے گردن توڑ بخار کی ویکسینیشن کا درست اور قابل قبول سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا خصوصی طور پر ضروری ہوگا۔
نئے نظام کے تحت انفلوئنزا، پولیو اور گردن توڑ بخار سمیت مختلف بیماریوں کے حوالے سے ڈیجیٹل ویکسینیشن سرٹیفکیٹس بھی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔ حکام کے مطابق ڈیجیٹل نظام کی مدد سے مسافروں کے ویکسینیشن ریکارڈ کی تصدیق زیادہ آسان اور مؤثر انداز میں کی جاسکے گی۔وفاقی حکومت نے شہریوں کے طبی ریکارڈ کو قومی شناختی کارڈ نمبر سے منسلک کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر صحت کے مطابق اس سے پاکستانی شہریوں کے لیے ایک جامع ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل ویکسینیشن اور طبی ریکارڈ کے اس نظام کو مستقبل میں بھی برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی تاکہ انتظامی یا حکومتی تبدیلیوں کے باوجود شہریوں کو اس سہولت کا تسلسل حاصل رہے۔



















































