لودھراں(آن لائن)تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے این اے 154 کے ضمنی الیکشن میں فوج تعیناتی کیلئے ریٹرننگ آفیسر کو درخواست جمع کرادی ہے ۔تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین ریٹرننگ آفس پہنچے جہاں انہوں نے این اے154 کے ضمنی الیکشن کے دوران فوج تعیناتی کیلئے درخواست جمع کرا ئی ہے،جہانگیر ترین درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ ضمنی الیکشن کے دوران امن وامان کی صورت حال خراب ہونے کا خدشہ ہے جبکہ حکومت نے دھاندلی کی منصوبہ بندی بھی بنا رکھی ہے لہذا حلقہ کے تمام پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر فوج تعینات کی جائے تا کہ لاہور کے این اے 122 کے ضمنی الیکشن کی طرح پرسکون یہاں لودھراں میں بھی پرسکون ضمنی الیکشن ہو سکے۔درخواست جمع کرانے کے بعد جہانگیر ترین نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں حکومت نے پری پول ریگنگ شروع کر دی ہے، قومی خزانے کے منہ بھی کھول دیئے گئے ہیں ،یہاں کے لوگوں کو مراعات ،نوکریاں دی جارہی ہیں ،میرے حلقہ میں 50 ہزار سے زائد نے ووٹرز کو شامل کیا گیا ہے ،لگتا ہے مسلم لیگ (ن) والے اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہیں آئیں گے ،انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں ہمیں بہت سے تحفظات ہیں تاہم اس کے باوجود ہم حکومت کا بھر پور مقابلہ کریں گے اور الیکشن جیت کر دیکھائیں گے۔