اسلام آباد (نیوز ڈیسک)شوبز کی معروف اداکارہ لیلیٰ نے ایک رئیلٹی شو میں اپنے کیریئر کے ماضی کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تقریباً آٹھ سال قبل ایسے کام سے خود کو الگ کرلیا تھا
جسے وہ اپنے مذہبی عقائد کے مطابق درست نہیں سمجھتی تھیں۔1990 کی دہائی سے شوبز سے وابستہ لیلیٰ نے رئیلٹی شو کے دوران اپنی نجی زندگی، مستقبل کی خواہشات اور فنی سفر کے حوالے سے کھل کر بات کی۔اداکارہ نے بتایا کہ وہ شو میں کامیابی کے لیے دعا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ انعامی رقم حاصل کرنے میں کامیاب ہوئیں تو اس رقم سے اپنا گھر اور ایک بڑی گاڑی خریدنے کا خواب پورا کرنا چاہتی ہیں۔گفتگو کے دوران لیلیٰ نے اپنے ماضی میں کیے گئے بعض پرفارمنسز کا بھی تذکرہ کیا، جنہیں وہ اب اپنے موجودہ نظریات کے مطابق مناسب نہیں سمجھتیں۔اداکارہ کے مطابق انہوں نے تقریباً آٹھ برس قبل فیصلہ کیا کہ وہ ایسے کام کا حصہ نہیں بنیں گی جو ان کے خیال میں اللہ تعالیٰ کی مرضی کے مطابق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد انہوں نے اپنی زندگی اور کام کے حوالے سے اپنی ترجیحات تبدیل کیں۔
لیلیٰ کی یہ گفتگو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آیا۔ متعدد صارفین نے اداکارہ کے ماضی کو موضوع بنانے کے بجائے ان کی موجودہ سوچ اور تبدیلی کو سراہا، جبکہ کچھ افراد نے ان کے مؤقف پر تنقید بھی کی۔ایک صارف نے لیلیٰ کی گفتگو کو غیر بناوٹی قرار دیتے ہوئے ان کے لیے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی خواہشات اور دعائیں پوری کرے۔ایک اور صارف نے اداکارہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ لیلیٰ رئیلٹی شو جیتنے میں کامیاب ہوں گی، کیونکہ انہوں نے اپنے خواب کے بارے میں جس انداز میں بات کی، وہ انہیں مخلص محسوس ہوا۔تاہم سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے لیلیٰ کی جانب سے اپنی مشکلات اور ماضی کے واقعات کا بار بار ذکر کرنے پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔



















































