اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار اکشے کھنہ نے اپنی نجی زندگی کے حوالے سے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
اکشے کھنہ بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار ہیں اور وہ ’دل چاہتا ہے‘، ’بارڈر‘، ’ہلچل‘، ’ریس‘ اور ’دریشیم‘ سمیت کئی مقبول فلموں میں اداکاری کرچکے ہیں۔ کامیاب فلمی سفر کے باوجود انہوں نے اب تک شادی نہیں کی۔ایک حالیہ انٹرویو کے دوران اداکار نے اپنی غیر شادی شدہ زندگی کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی زندگی کا اختیار کسی دوسرے فرد کے ساتھ مکمل طور پر تقسیم کرنے کے لیے خود کو تیار نہیں پاتے۔ ان کے مطابق شادی ان کے لیے صرف ایک رشتہ قائم کرنے کا نام نہیں بلکہ زندگی میں بڑی تبدیلی کا باعث بنتی ہے۔اکشے کھنہ نے وضاحت کی کہ وہ اپنی زندگی کے معاملات اور فیصلوں پر مکمل آزادی برقرار رکھنا چاہتے ہیں، جبکہ شادی کے بعد انسان کو اپنے فیصلوں میں دوسرے شخص کو بھی شریک کرنا پڑتا ہے اور کئی معاملات میں سمجھوتہ کرنا ضروری ہوجاتا ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ازدواجی زندگی میں دونوں افراد ایک دوسرے کی زندگی کا حصہ بنتے ہیں، تاہم وہ فی الحال اپنی زندگی کے فیصلوں پر مکمل اختیار برقرار رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں۔واضح رہے کہ اکشے کھنہ حال ہی میں فلم ’دھریندر‘ میں رحمٰن ڈکیت کے کردار کی وجہ سے بھی خبروں میں رہے، جبکہ فلم میں ان کی انٹری کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی۔



















































