اسلام آباد(نیوز ڈیسک) پاکستان اور روس جمعے کے روز چار کلیدی معاہدوں پر دستخط کریں گے جو دونوں ملکوں کے درمیان اقتصادی فنی سائنسی تجارتی تعاون کو نئی بلندیوں پر پہنچائیں گے، ان معاہدوں پر پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ ریونیو اقتصادی امور شماریات نجکاری سینیٹر اسحاق ڈار اور روس کے وزیر وکٹر پی ایوانوف خود دستخط کریں گے۔ معاہدوں پر دستخط پاک روس انٹرگورنمنٹ کمیشن کے افتتاحی اجلاس کے اختتام پر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ معاہدوں پر دستخط کرنے کے بعد روس اور پاکستان مشترکہ میڈیا کانفرنس میں پاک افغان انٹر گورنمنٹ کمیشن کے افتتاحی سیشن کے فیصلوں کا اعلان کریں گے۔ کمیشن کا بنیادی فوکس پاک روس اقتصادی تجارتی اور سائنسی اشتراک عمل کو نئی جہتوں سے ہمکنار کرنا ہے۔ دونوں ملک شنگھائی کوآپریشن تنظیم اور ایشیائی بینک کے ممبر ہیں، امریکہ اور بھارت کے مابین قربتوں کے بعد روس اور پاکستان کے درمیان معاشی تجارتی سائنسی تعاون کے معاہدے عالمی قوتوں کیلئے اہم اشارہ ہے۔